بلاول اور فریال تالپور کے کاغذات منظور، فہمیدا اور ذوالفقار مرزا کے مسترد
لاڑکانہ: عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست کے لیے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے لاڑکانہ سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194 اور این اے 196 سے بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے جب کہ پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما اور آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 10 سے کاغذات منظور کرلیے گئے۔
اس کے علاوہ لاڑکانہ کے ہی حلقے این اے 194 سے جے یو آئی کے راشد محمود اور 196 سے جے یو آئی کے ناصر محمود کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے جن کا پی پی چیئرمین بلاول بھٹو سے الیکشن میں مقابلہ ہوگا۔
ادرھ لاڑکانہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 11 اور پی ایس 12 سے جی ڈی اے کے امیدوار معظم عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے جب کہ حلقہ این اے 195 سے جی ڈی اے کے صفدر عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب بدین سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 223 سے جے ڈی اے کی امیدوار اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے جب کہ ان کے شوہر ذوالفقار مرزا اور صاحبزادے حسام مرزا کے این اے 223 سے کاغذات مسترد کردیے گئے ہیں۔
بدین کے حلقہ این اے 223 سے پیپلز پارٹی کے رسول بخش چانڈیو امیدوار ہیں۔