امریکی عدالت نے ڈونلڈ ٹرمپ کو پرائمری الیکشن کی اجازت دیدی
امریکی ریاست مشی گن کی سپریم کورٹ نے سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ کو نااہل کرنے سے متعلق درخواست سننے سے انکار کرتے ہوئے انہیں پرائمری الیکشن کی اجازت دیدی ہے۔
ریاست مشی گن کی سپریم کورٹ میں 4 ووٹرز نے درخواست دائر کی تھی کہ کیپیٹل ہل پر حملے میں کردار کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاست میں 27 فروری کو ہونے والی پرائمری الیکشن میں امیدوار بننے سے روکا جائے۔
درخواست پر عدالت نے مختصر فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار عدالت کو اس بات پر قائل کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ اس عدالت کو معاملے کا جائزہ لینا چاہیے۔
اس طرح مشی گن کی سپریم کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کو پرائمری الیکشن کے معاملے پر فیصلہ نہیں دینا چاہیے۔
امریکی ریاست مشی گن، امریکی صدارتی الیکشن میں پانسہ پلٹنے والی ریاستوں میں سے ایک شمار کی جاتی ہے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالتی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیموکریٹس کی جانب سے انہیں بیلٹ سے ہٹانے کی کوشش عدالت نے بالکل درست اور واضح طور پر مسترد کردی ہے۔
پچھلے ہفتے ریاست کولوراڈو کی عدالت نے آئین کی اسی دفعہ کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن کی پرائمری کیلئے نااہل قرار دیا تھا۔