(ن) لیگ نے پولنگ ڈے کے علاوہ انتخابی شیڈول میں ترمیم کی درخواست کردی
لاہور: مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمیشن سے پولنگ تاریخ کے علاوہ انتخابی شیڈول میں ترمیم کی درخواست کردی۔
سابق وزیر خزانہ اور (ن) لیگ کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کے لیے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھیجا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن پولنگ تاریخ میں تبدیلی کیے بغیر شیڈول میں ترمیم کرسکتاہے، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے صرف 3 دن دیے گئے ہیں اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے7 دن مختص کیے گئے ہیں، کاغذات نامزدگی کے ساتھ مختلف دستاویزات بھی جمع کراناہوتی ہیں۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہےکہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ مختلف سرکاری محکموں کے این او سی بھی منسلک کرنا ہوتے ہیں، دستاویزات مکمل کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے کیونکہ دستاویزات مکمل نہ ہونے پر کاغذات مسترد ہو جاتے ہیں۔
مراسلہ میں اپیل کی گئی ہےکہ امیدواروں کی سہولت کے لیے الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 دن کی توسیع کرے اور الیکشن کمیشن 8 فروری کی پولنگ تاریخ تبدیل کیے بغیر الیکشن شیڈول میں ترمیم کرے۔