آر ٹی ایس بٹھاکرجو حکومت لائی گئی وہ ایک موٹروےبھی نہ بناسکی: نواز شریف
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نےکہا ہےکہ آر ٹی ایس بٹھاکرجو حکومت لائی گئی وہ ایک موٹروےبھی نہ بناسکی۔
لاہور میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ کافی عرصے بعد اپنے بہت سارے ساتھیوں سے ملاقات ہورہی ہے، بیچ میں کافی گیپ آگیا اور حالات کہاں سے کہاں لے گئے، وہم و گمان میں نہیں تھا بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کردیا جائےگا، تقریباً ایک لاکھ روپے تنخواہ نہ لینے پر مجھے فارغ کیا گیا، مقصد صرف وزیراعظم کو نکالنا تھا اور ایک سلیکٹڈ کو لانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں صبح وزیراعظم تھا اور شام میں ہائی جیکر بنا دیا گیا، آئین و قانون میں گنجائش نہ ہونےکے باوجود وزیراعظم کو نکالنا تھا، ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہورہی تھی اور سی پیک پاکستان آرہا تھا، کہا جارہا تھا پاکستان جی 20 میں شامل ہوجائے گا، آئی ایم ایف کو ہم نے خدا حافظ کہا تھا، ہم غیر ملکی قرضے واپس کررہے تھے، ہم نے اپنے دور میں قرضے لیے نہیں واپس کیے تھے، ہم پاکستان میں وہ کام کرسکتے ہیں جو دوسری قومیں نہیں کرسکتیں، ہمیں نظرکھاگئی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ آر ٹی ایس بٹھاکرجو حکومت لائی گئی وہ ایک موٹروےبھی نہ بناسکی، اگر ہماری حکومت نہیں توڑی جاتی تو وہ موٹر وے بن جاتی، کس نے کراچی سے دہشتگردی کو ختم کیا؟ سندھ میں ہم نےکوئلہ نکالا، بجلی اس سےبن رہی ہے، کراچی میں ہم نے 2200 میگاواٹ پاور پلانٹ قائم کیا، چترال والوں سے پوچھوں گا ٹنل مجھ سے بنواتے ہیں ووٹ کسی اور کو دیتے ہیں، کراچی سے حیدرآباد جو بنائی گئی وہ موٹروے نہیں، ہم ترقی والے لوگ ہیں،غریبوں کا دکھ بانٹنے والے لوگ ہیں۔