یو ایس اوپن کرکٹ ٹورنامنٹ: پاکستانی کھلاڑی عامر اور شرجیل کی ٹیم کو کوالیفائر میں شکست
امریکی ریاست فلوریڈا میں جاری یو ایس اوپن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کوالیفائر میں پاکستانی اسٹارز سے سجی کنگزمین کو یو ایم ایم سی نائٹ رائیڈرز سے شکست کا سامنا کرنا پڑگیا۔
سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر محمد عامر، شرجیل خان، کپتان حماد اعظم، رمیز راجہ جونیئر، سعد علی، حسان خان اور وقاص مقصود جیسے پاکستانی اسٹارز پر مشتمل کنگزمین ٹیم کو یو ایم ایم سی نائٹ رائیڈرز نے 14 رنز سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کیا۔
یو ایم ایم سی نائٹ رائڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 120 رنز اسکور کیے، اپنی ٹیم کی جانب سے پاکستانی کھلاڑی نعمان انور نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔
کنگزمین کی جانب سے حماد اعظم نے 2، محمد عامر اور حسان خان نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
کنگزمین کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر شرجیل خان نے 52 رنز کی انگز کھیلی جبکہ رمیز راجہ جونئیر نے 26 رنز اسکور کئے۔
یو ایم ایم سی نائٹ رائڈرز میں پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹر نعمان انور کے علاوہ محمد محسن نمایاں کھلاڑیوں میں شامل تھے جبکہ سابق پاکستانی فیلڈنگ کوچ جولین فونٹین بھی ٹیم کا حصہ تھے۔
یو ایس اوپن کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔