پاک، آسٹریلیا سیریز: پہلے ٹیسٹ کیلئے ڈراپ ان پچز کا کام مکمل
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلے ٹیسٹ کے لیے پرتھ میں ڈراپ ان پچز کا کام مکمل ہوگیا۔
ان 5 ڈراپ ان پچز پر بھی واکا گراؤنڈ والی گھاس اور مٹی کا استعمال کیا گیا، ایک ڈراپ ان پچ کا وزن 25 ٹن کے قریب ہے اور اس کی تنصیب میں دو دن لگے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
پرتھ میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کو ویسٹ ٹیسٹ کا نام دیا گیا ہے۔
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر میلبرن کرکٹ گراؤنڈ جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
عام طور پر کرکٹ میں کھیلے جانے والے میچ کے گراؤنڈ میں ہی پِچ تیار کی جاتی ہے لیکن ڈراپ اِن پِچز میں ایسا نہیں ہے۔
دراصل ڈراپ اِن پِچز ایسی پچز ہیں جنہیں کھیلے جانے والے میچ کے اصلی مقام سے دور تیار کیا جاتا ہے اور بعد میں میچ کے وقت اس مقام پر منتقل کردیا جاتا ہے۔
ڈراپ اِن پِچ کو گراؤنڈ سے باہر ایک لوہے کے سانچے کے اندر تیار کیا جاتا ہے جس میں نیچے پہلے مٹی اور اوپر گھاس کی تہہ لگائی جاتی ہے ،ان دونوں تہوں کو کافی عرصے تک اسی لوہے کے سانچے میں رکھا جاتا ہے جب تک کہ پِچ مکمل تیار نہیں ہوجاتی۔
جب یہ پِچ میچ کے مطابق تیار ہوجاتی ہے تو انہیں مشین (کرین) کی مدد سے لوہے کے سانچے سمیت گراؤنڈ میں لایا جاتا ہے اور پچ کی جگہ منتقل کیا جاتا ہے۔
ڈراپ اِن پِچز کا استعمال اصل میں اس لیے کیا جاتا ہے کہ کرکٹ کا میدان ایک سے زیادہ کھیلوں کی میزبانی کر سکے۔
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے کچھ گراؤنڈز ایسے ہیں جو کرکٹ کے علاوہ دوسرے کھیلوں جیسے ( فٹبال اور رگبی) کی میزبانی بھی کرتے ہیں اس لیے جب کرکٹ کا سیزن ختم ہوجاتا ہے تو ان ڈراپ اِن پِچز کو اٹھاکر گراؤنڈ سے باہر رکھ دیا جاتا ہے اور پِچ کی جگہ مصنوعی گھاس اور مٹی ڈال کر گراؤنڈ کو دوسرے کھیلوں کیلئے تیار کیا جاتا ہے۔