واٹس ایپ ویب ورژن کے صارفین کے لیے بہترین فیچر متعارف
واٹس ایپ نے اگست 2021 میں تصاویر اور ویڈیوز کی پرائیویسی اور ایپ کی میموری کو بچانے کیلئے ‘ویو ونس’ کا فیچر متعارف کرایا تھا۔
اس فیچر کے تحت بھیجی جانیوالی تصویر یا ویڈیو ایک بار کھلنے کے بعد چیٹ سے مکمل طور پر غائب ہوجاتی ہے۔
اب تک یہ سہولت صرف موبائل ایپ کے لیے دستیاب تھی، مگر اب اس فیچر کو ڈیسک ٹاپ اور ویب ورژن کے لیے بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔
میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق واٹس ایپ کے ویب ورژن اور ڈیسک ٹاپ ایپ پر یہ فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
جب کوئی صارف ویب ورژن یا ڈیسک ٹاپ ایپ پر تصویر یا ویڈیو اپ لوڈ کرے گا تو وہاں 1 کا آئیکون نظر آئے گا جس پر کلک کرکے میسج کو ویو ونس کے طور پر بھیجنا ممکن ہوگا۔
اس فیچر سے صارفین ایسے پیغامات بھیج سکیں گے جو ایک بار دیکھے جانے کے بعد خودبخود غائب ہوجائیں گے۔
اس فیچر سے صارفین کو حساس معلومات جیسے پاس ورڈ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات وغیرہ شیئر کرنے کا موقع ملے گا اور لیک ہونے کا خطرہ بھی نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ اس وقت واٹس ایپ میں ویو ونس کے تحت بھیجی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز کے اسکرین شاٹ لینا ممکن نہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر ڈیسک ٹاپ اور ویب ورژن کے کچھ صارفین کو دستیاب ہے جبکہ بتدریج تمام صارفین کے لیے اسے متعارف کرا دیا جائے گا۔