’لاہور میں مخصوص مقامات پر مصنوعی بارش کیلئے کلاؤڈ سیڈنگ کی تیاری کررہے ہیں‘
لاہور: نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے اسموگ کنٹرول کے لیے لاہور کے مختلف مقامات پر مصنوعی بارش کا عندیہ دے دیا۔
ایک بیان میں عامر میر نے کہا کہ لاہور میں مخصوص مقامات پر مصنوعی بارش کیلئے کلاؤڈ سیڈنگ کی تیاری کی جارہی ہے، مصنوعی بارش کیلئے استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی نسبتاً کم خرچ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلاوڈ سیڈنگ کے لیے آسمان پر بادلوں کی موجودگی ضروری ہے اور بادلوں سے مشروط ہونےکی وجہ سے کلاؤڈ سیڈنگ کیلئے کسی حتمی تاریخ کا تعین ممکن نہیں۔
نگران وزیر کا کہنا تھا کہ کلاؤڈ سیڈنگ میں مصنوعی بارش کیلئے بادلوں پر مخصوص سالٹ چھڑکا جاتا ہے ، چھڑکاؤ کیلئے جس جہاز کا استعمال کیا جانا ہے اسے آپریٹ کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، مصنوعی بارش یا کلاؤڈ سیڈنگ جہاز کی بحالی کے بعد ہی ممکن ہو گی۔