بلاول چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، الزام تراشی کے بجائے پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے: شہباز شریف

کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہےکہ بلاول بھٹو چھوٹے بھائی کی طرح ہیں ہم  نے 16 ماہ ساتھ کام کیا ہے، ہمیں پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے کیونکہ رونے دھونے اور الزام تراشی سے کچھ نہیں ہوگا۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں مل کر صوبے کو خوشحال بنانا ہے اور ہمیں مل کر معاشی، معاشرتی مسائل حل کرنا ہیں، نوازشریف کی بلوچستان کی ترقی کیلئے عملی کاوشیں قوم کے سامنے ہیں،  نوازشریف کے دور میں سڑکوں کا جال بچھایا گیا جب کہ پچھلی حکومت کے چار سال میں تباہی و بربادی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دینے آیا ہوں، ان کی شمولیت سے پارٹی کو تقویت ملے گی، سیاسی اکابرین نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی ہے، بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ملاقات کی ہے، میں بہت مطمئن ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سردار ایاز صادق اور شیخ جعفرمندوخیل لشکری رئیسانی کے ساتھ بیٹھ کر معاملات حل کریں گے، بلوچ،پشتون، سیٹلرز اور ہزارہ افراد کی صوبے میں بڑی خدمات ہیں، نوازشریف کی دہائیوں سے پختہ سوچ ہے کہ بلوچستان کے مسائل حل کرنا چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس کو عوام وزیراعظم منتخب کریں گے قوم اسے قبول کرے گی، بلاول بھٹو چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، 16 ماہ ساتھ کام کیا ہے،  مخلوط حکومت کے مشاورت سے فیصلے ہوتے تھے، منفی بات یہ تھی کہ فیصلوں میں تاخیر ہوتی تھی، ہمیں پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے، رونے دھونے اور الزام تراشی سے کچھ نہیں ہوگا، مناسب بات یہ ہے کہ ہم سب اپنے گریبانوں میں جھانکیں، سب تجزیہ کریں کہ کہاں غلطیاں ہوئیں۔

لیگی صدر کاکہنا تھا کہ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ہماری سیاست کو نقصان پہنچا، ریاست بچ گئی اور  سیاست بھی بچ جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *