خیبر پختونخوا کی نئی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا
پشاور: خیبرپختونخوا کی نئی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔
جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا حلف لیا تھا اور اب انہوں نے صوبے کے معاملات چلانے کے لیے 10 رکنی کابینہ تشکیل دی تھی جس کی سمری پر گورنر خیبر پختونخوا نے دستخط بھی کر دیے تھے۔
گورنرکے پی غلام علی نے نگران صوبائی کابینہ سے حلف لیا، تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس کے پی میں ہوئی۔
نگران صوبائی کابینہ میں سید مسعود شاہ، ارشاد قیصر اور آصف رفیق شامل ہیں، اس کے علاوہ نجیب اللہ، سید عامر عبداللہ اور فیروز جمال شاہ بھی کابینہ کا حصہ ہیں۔ احمد رسول بنگش، محمد قاسم خان، عامر ندیم اور احمد جان بھی کابینہ میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل سابق نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے، اعظم خان کے انتقال کے بعد گورنر کے پی غلام علی کی درخواست پر گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے مشاورت کے بعد نئے وزیراعلیٰ کے لیے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا نام تجویز کیا تھا جس کی گورنر نے منظوری بھی دیدی تھی۔