کے پی سمیت ملک بھر میں شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا جائے: پی ٹی آئی
نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) اعظم خان کی وفات اور انتظامی و آئینی بحران پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ردعمل میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں آئین کے مطابق صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پیدا سنگین انتظامی وآئینی بحران نہایت تشویشناک ہے، یہ صوبے کے عوام اور ملکی سلامتی کے لیے نہایت پریشانی کا باعث ہے، دستور محض عوام کے منتخب نمائندوں کو انتظامی اختیارات سونپتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ خیبرپختونخواجغرافیے اور داخلی اعتبار سے نہایت حساسیت کا متقاضی ہے، افغانستان کے حالات اور نگران حکومت کی ناقص خارجہ حکمت عملی سے صورتحال پیچیدہ ہو رہی ہے، صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 دن میں انتخابات اور منتخب حکومت کا قیام ناگزیر تھا، خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں آئین کے مطابق صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب گورنرخیبرپختونخواغلام علی نے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کا حکم نامہ جاری کردیا۔
حکم نامے کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ آرٹیکل 224 کے تحت نگران وزیراعلیٰ مقرر کیے گئے ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ محمود خان اور اکرم خان درانی نے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کے بطور نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق کیا، وزیراعلیٰ کی تقرری کے لیے سابق وزیر اعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کوبلایا گیا تھا۔
حکم نامے کے مطابق اعظم خان کے انتقال کے باعث نگران وزیراعلیٰ کا تقرر ضروری ہے۔