ان سب کے شکرگزار ہیں جنہیں یقین ہوگیا کہ نواز شریف وزیراعظم بنیں گے: سعد رفیق

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کسی کو مائنس کرنا مسلم لیگ ن کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے، ہم شکر گزار ہیں ان سب لوگوں کے جنہیں یقین ہوگیا ہے کہ نواز شریف وزیراعظم بنیں گے۔

کراچی میں ن لیگ کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دہائیوں تک کراچی شہر پر توجہ نہیں دی گئی، سوچےسمجھے منصوبےکےتحت کراچی کو کھنڈربنا دیاگیا۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ اس بار ہمارا پورا فوکس سندھ پر ہے، نواز شریف نےگرین لائن کا تحفہ کراچی کو دیا اور کےفور پر بھی کام کیا، کراچی کے امن و امان کی بحالی کا کریڈٹ نواز شریف کوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  جے یو آئی اور  ایم کیو ایم کے ساتھ پہلےہی طے ہو گیا تھا کہ مل کرالیکشن لڑیں گے،  آج بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے جائیں گے، ملاقات میں کراچی اور بلدیاتی نظام پر بھی بات ہوگی۔

سعد رفیق کا کہنا تھا سیاسی اختلاف اپنی جگہ رہے لیکن بات چیت بھی کریں، پی ٹی آئی نے پاکستان کی سیاست کو گندا کیا ہے،  سماجی تعلق ٹوٹنا نہیں چاہیے اور رابطے قائم رہنے چاہئیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن قریب آتا ہے تو سیاستدان باتیں کرتےہیں، ہمارے والے بھی کرتے ہیں،کس نے کیا فرمایا یہ سیاسی بیان آتے جاتے رہیں گے، کوئی ایک ادارہ یا جماعت اکیلے اس ملک کو بہتر نہیں کرسکتی، ملک دیوالیہ ہوگیا تھا اس کو ہم نے مل کر بچایا۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار  ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف 14 نومبر کو بلوچستان کا دو روزہ دورہ کریں گے، ساری جماعتوں سے ہمارے اچھے تعلقات رہے ہیں، ان جماعتوں سے ملیں گے جہاں ہمارا سیاسی اتحاد ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو تربیت دینا ضروری ہے اور انہیں گالم گلوچ سے دور رکھنا ہے،  نواز شریف کے دورہ بلوچستان کے موقع پر کچھ لوگ ن لیگ میں شمولیت اختیار کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *