ملائیشیا کے وزیر اعظم کا حماس کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان
ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے حماس کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس سے خطاب میں وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ملائیشیا متفقہ طور پر فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھے گا۔
امریکی قانون سازوں کی جانب سے حماس کی غیرملکی سپورٹ پر پابندی کے منصوبے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملائیشیا حماس کی حمایت جاری رکھے گا اور ہم حماس پر کسی پابندی یا سزا کیلئے تیار نہیں ہیں۔
ملائیشین وزیر اعظم سے حزب اختلاف کے رکن نے سوال کیاتھا کہ گزشتہ ہفتے امریکی ایوان نمائندگان میں حماس کے غیر ملکی سپورٹرز پر پابندی کیلئے پیش کی گئی قرارداد پر آپ کی حکومت کا کیا مؤقف ہے؟
حزب اختلاف کے رکن اسمبلی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انور ابراہیم نے کہا کہ ہم کوئی بھی دھمکی قبول نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ امریکا کا یک طرفہ اقدام ہوگا جس کی کوئی حیثیت نہیں کیونکہ بطور رکن ہم صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلوں کی پاسداری کرنے کے پابند ہیں۔