میکسویل کی شاندار ڈبل سنچری: افغانستان کو شکست، آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا
ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں آسٹریلوی بیٹر گلین میکسویل نے ناقابل یقین ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے افغانستان کے جبڑوں سے فتح چھین لی۔
میکسویل کی 128 گیندوں پر 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
آسٹریلیا نے افغانستان کا 292 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 47 ویں اوور میں حاصل کیا۔
گلین میکسویل کی 201 رنز کی اننگز کو ون ڈے کرکٹ کی بہترین اننگز کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔
91 رنز کے مجموعی اسکور پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد میکسویل نے ٹانگ میں تکلیف کے باوجود تنہا ہی گراؤنڈ میں چھکے چوکے مارے اور افغان بولرز کا بھرکس نکال دیا۔
میکسویل کی 201 رنز کی اننگز میں 10 چھکے اور 21 چوکے شامل تھے۔ وہ آسٹریلیا کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔
آسٹریلیا ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی تیسری ٹیم ہے، اس سے قبل بھارت اور جنوبی افریقا پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
افغانستان کی اننگز
افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 291 رنزبنائے، ابراہیم زدران 129 رنزبناکر ناقابل شکست رہے۔
ابراہیم زدران ورلڈکپ میں افغانستان کی جانب سے سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے۔اس کے علاوہ رحمت شاہ 30 اور حشمت اللہ نے 26 رنزبنائے جبکہ عظمت اللہ 22 ، رحمان اللہ گُرباز 21 اور محمدنبی نے 12 رنز اسکور کیے۔ راشدخان 35 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی اننگز
افغانستان کے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز مایوس کن تھا، افغان بولرز کے سامنے آسٹریلوی ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور 69 کے مجموعی اسکور پر آدھی کینگروز کی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
ڈیوڈ وارنر 18، مچل مارش 24، لبوشین 14، ٹریویس ہیڈ اور جوش انگلس صفر پر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 87 کے مجموعی اسکور پر گری جب اسٹوئنس 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ٹیم کا اسکور 91 رنز پر پہنچا تو مچل اسٹارک 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
91 رنز پر آسٹریلیا کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے، ایسے میں میکسویل اور کپتان کمنز نے ٹیم کی بیٹنگ کو سنبھالا اور 202 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
افغانستان کے خلاف قسمت بھی میکسویل پر مہربان رہی، ان کے دو آسان کیچز ڈراپ ہوئے جبکہ میکسویل کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا ، تاہم ریویو کے بعد وہ محفوظ رہے۔
قسمت کے ساتھ کا فائدہ اٹھا کر میکسویل نے ایسی اننگز کھیل دی جو مدتوں یاد رہے گی، ان کو ٹانگ میں تکلیف بھی رہی جس کی وجہ سے وہ دوڑ نہیں پارہے تھے لیکن انہوں نے چھکے اور چوکے مارنے کو زیادہ ترجیح دی۔
میکسویل اور کمنز کے درمیان 8 ویں وکٹ پر 202 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، اس شراکت میں کمنز کے صرف 12 رنز شامل تھے، بقیہ سارا اسکور میکسویل کا تھا۔
گلین میکسویل نے چھکا مار کر ڈبل سنچری مکمل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو شاندار جیت دلوادی۔
افغانستان کے خلاف شاندار بیٹنگ کرنے پر میکسویل کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 16 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا 12،12 پوائنٹس کے بعد دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھا نمبر ہے۔
پاکستان پانچویں اور افغانستان 8 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔