بائیڈن اور نیتن یاہو کا ٹیلیفونک رابطہ ، غزہ میں حملوں میں وقفوں کے امکان پر بات
امریکی صدر جوبائیڈن کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
وائٹ ہاوس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ہونے والے ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں حملوں میں وقفوں کے امکان پر بات کی ۔
دوسری جانب سیکرٹری جنر ل اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ بچوں کا قبرستان بن رہا ہے،ہر روز سیکڑوں بچے بچیاں مارے جا رہے ہیں، صرف رفح کراسنگ کا راستہ غزہ میں امداد پہنچانے کے لیےکافی نہیں۔
غزہ میں 31 روز سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 252 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 22 ہوگئی ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہید افراد میں 4104 بچے اور 2641 خواتین بھی شامل ہیں۔
اس عرصے میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 25 ہزار 408 فلسطینی زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی بربریت کے باعث 6 نومبر کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی 18 عالمی تنظیموں کے سربراہان نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں انسانی بنیادوں پر فلسطین اور اسرائیل کے درمیان فوری سیز فائر کا مطالبہ کیا گیا۔