سپریم کورٹ کی ہدایت، الیکشن کمیشن کا انتخابات کی تاریخ پر صدر سے مشاورت کا فیصلہ

سپریم کورٹ کی ہدایت پر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر صدر مملکت سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

ملک میں 90 روز میں انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران آج الیکشن کمیشن کے وکیل سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور بتایا کہ الیکشن کمیشن 11 فروری 2024 کو ملک میں الیکشن کروانے کے لیے تیار ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ اس معاملے پر صدر مملکت سے بھی مشاورت کر لی جائے جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ حکام الیکشن کمیشن اس سے متعلق فیصلہ کریں گے کہ آیا صدر سے مشاورت کرنی ہے یا نہیں۔

چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا الیکشن کمیشن صدر مملکت سے مشاورت کے معاملے پر فیصلہ کر لے پھر کیس کی سماعت کرتے ہیں جس کے بعد الیکشن کمیشن میں اس حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن میں مشاورت کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے بتایا کہ صدر مملکت سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا ملک میں انتخابات کے حوالے سے جلد صدر مملکت سے مشاورت کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *