قومی کرکٹرز کو کئی ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سامنے آگئی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سامنے آگئی۔
سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی تھیں کہ پاکستانی کرکٹرز کو پی سی بی کی جانب سے گزشتہ 4 ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جس پر سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے بھی حیرت کا اظہا رکیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کےکھلاڑیوں نے پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط ہی نہیں کیے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط ہی نہیں ہوئے تو انہیں پیسے کیسے مل سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کے کچھ کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے بنائی فہرست پر بھی خوش نہیں ہیں۔
تاہم اس حوالے سے پی سی بی ذرائع کے مطابق قومی کرکٹرز کو بھارت میں سینٹرل کنٹریکٹ کی کاپیاں فراہم کردی گئی ہیں جبکہ قومی اسکواڈ کے علاوہ اور سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو بھی کاپیاں بھجوا دی گئی ہیں۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی دستخط کر کے پی سی بی کو آگاہ کر دیں گے جس کے بعد ادائیگیوں کا سلسلہ فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق دستخط نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ادائیگیاں نہیں ہو سکیں تھی۔
ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2026 تک کنٹریکٹ کی آفرز ہوئی تھی، پی سی بی نے 30 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش کی۔
سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے فارم اور فٹنس سے مشروط ہیں، پی سی بی تین سال کے دوران کنٹریکٹ کا از سر نو جائزہ لے سکتا ہے۔