ورلڈکپ: سری لنکا کے ہاتھوں شکست، انگلینڈ کا سیمی فائنل میں پہنچنا مشکل ہوگیا
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 25ویں میچ میں سری لنکا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
سری لنکا نے انگلینڈ کا 157 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 ویں اوور میں با آسانی حاصل کرلیا۔انگلینڈ کی یہ رواں ورلڈکپ میں چوتھی ناکامی ہے، جس کے بعد انگلش ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا سفر انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔
انگلینڈ کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے پاتھم نسانکا نے 83 گیندوں پر 77 رنز بنائے،ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ سدیرا وکراما 54 گیندوں پر 65 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کوشل مینڈس 11 اور کوشل پریرا 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
یہ میچ بنگلورو میں کھیلا گیا جہاں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ بظاہر غلط ثابت ہوا، سری لنکن بولرز کے سامنے انگلش بیٹرز ناکام رہے اور پوری ٹیم 33.2 اوورز میں 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ٹاس کے موقع پر انگلش کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ وکٹ اچھی ہے،پچ میں نمی ہے،بیٹنگ کےلیے سازگار رہےگی، آج کےمیچ کےلیےٹیم میں تین تبدیلیاں کیں۔
اس موقع پر لنکن کپتان کوشال مینڈس کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کرہم بھی پہلےبیٹنگ کو ترجیح دیتے، ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔
انگلینڈ کی اننگز
سری لنکا کے خلاف انگلش بیٹرز مشکل میں ہی دکھائی دیے ، مسلسل وکٹیں گرنے کی وجہ سے سری لنکا نے پوری اننگز میں انگلینڈ پر دباؤ بنائے رکھا۔
آدھی انگلش ٹیم محض 85 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، تاہم بین اسٹوکس نے بڑے اسکور کی تھوڑی امید دلائی پر وہ بھی 43 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کے خلاف انگلش بیٹرز کے اسکور کچھ یوں رہے
جونی بیئراسٹو 30، ڈیوڈ ملان 28، جو روٹ 3، کپتان بٹلر 8، لیونگ اسٹن 1،معین علی 15، کرس ووکس صفر، عادل رشید 2، مارک ووڈ5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ڈیوڈ ولی 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کے لہیرو کمارا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ انجیلو میتھوز،کسون رجیتھا نے 2،2 وکٹیں لیں جبکہ تھکشانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پوائنٹس ٹیبل
رواں ورلڈکپ میں تمام ٹیموں نے اپنے 5،5 میچز کھیل لیے ہیں جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کچھ یوں ہے۔
آئی سی سی ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو بھارت پہلے ،جنوبی افریقا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور آسٹریلیا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد سری لنکا پانچویں پوزیشن پر آگیا، پاکستان کا چھٹا نمبر ہے۔
دفاعی چیمپئن انگلینڈ 4 میچز میں ناکامی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر نویں پوزیشن پر ہے۔
واضح رہے کہ گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کریں گی۔