اپیل کروں گا نواز شریف ملک بچاؤ کسی کے ہاتھ میں نہ آؤ: خورشید شاہ
سکھر : پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اپیل کروں گا نواز شریف ملک بچاؤ کسی کے ہاتھ میں نہ آؤ۔
نواز شریف کی 4 سالہ خود ساختہ جلاوطنی کے بعد وطن واپسی سے متعلق سکھر میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اپیل کروں گا نواز شریف پاکستان بچاؤ کسی کی مدد سے نہ آؤ ، نواز شریف ملک بچاؤکسی کے ہاتھ میں نہ آؤ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا واضح مؤقف تھاکہ الیکشن نواز شریف کے لیے روکا ہے، انہیں اعلان کرنا چاہیےکہ میں آگیا ہوں، اب الیکشن ہوں گے، نواز شریف غلط راستے سے آئے تو یہ بھی تاریخ کی ایک مثال بن جائیں گے۔
خورشید شاہ نے سوال اٹھا یا کہ پی پی جب بھی آئی ہے اپنا منشور لے کر آئی ہے، آئین اور قانون اور کلاز ہمارےپاس موجود ہیں، جن لوگوں نے اپنی سیاست کی وجہ سےریاستی اداروں کو جلایا یا جلوایا، کیا ہماری سویلین عدالتیں ان لوگوں کو سزا دینےکے قابل ہوں گی، یا نظر انداز کر جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی بہت مثالیں ہیں، عدالتوں نےکیس لینےسے انکار کردیاکہ ہم پر دباؤ ہے، بڑے بڑے دہشت گردوں کے کیس بھی واپس کیےگئے تھے، وہ بھی دیکھنا ہوگا مگر سپریم کورٹ کافیصلہ فائنل ہے۔