رفاح راہداری کے ذریعے امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونا شروع
رفاح راہداری کے ذریعے امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونا شروع ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر اور غزہ کی پٹی پر موجود رفاح کراسنگ سے امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے امریکی سفارتخانے کا کہنا ہےکہ ان کے پاس یہ اطلاعات موجود ہیں کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے امدادی ٹرک براستہ رفاح راہداری غزہ میں داخل ہونا شروع ہوئے۔
حماس میڈیا آفس کے مطابق غزہ میں آج 20 امدادی ٹرکوں نے داخل ہونا ہے جن پردوائیاں، طبی آلات اور کھانے پینے کا کچھ سامان موجود ہے۔
عرب اور خلیجی میڈیا نے بھی براستہ رفاح امدادی ٹرکوں کے غزہ میں داخل ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل ورلڈ فوڈ پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے انسانی امداد کے لیے کام کرنے والوں کو غزہ تک رسائی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ میں جاری تصادم عام شہریوں کو بری طرح متاثر کررہا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ کھانے اور پانی کی قلت بڑھ رہی ہے جب کہ ادویات اور دیگر چیزوں کی بھی کمی ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹرک لوڈ ہیں جو تقریباً 5 لاکھ لوگوں کو غذا فراہم کرنے کا انتظار کررہے ہیں لیکن ہمیں غزہ تک رسائی نہیں ہے لہٰذا وہاں موجود انسانوں کو امداد کی ضرورت ہے اور ہمیں ہر حال میں اسے تقسیم کرنے کی اجازت دی جائے۔
دوسری جانب فلسطین کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی کا کہنا ہےکہ غزہ میں لڑائی کے آغاز سے اب تک اس کے 17 اسٹاف ممبران جان سے جاچکے ہیں جب کہ ان ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
واضح رہےکہ غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4100 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ حماس کے حملوں میں 1400 اسرائیلی بھی مارے جاچکے ہیں۔