امریکی صدر نے حماس اور پیوٹن کو ایک جیسا قرار دیدیا
واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے حماس اور پیوٹن کو ایک جیسا قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ حماس فلسطینی عوام کی نمائندگی نہیں کرتی بلکہ فلسطینی شہریوں کو انسانی ڈھال کےطورپر استعمال کرتی ہے جس وجہ سے بےگناہ فلسطینی خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل میں ایسےلوگوں کو دیکھا جو مضبوط، پرعزم، صدمے اورگہرے درد میں ہیں، فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے بھی بات کی، امریکا فلسطینی عوام کے وقار اور خودارادیت کےحق کےلیے پرعزم ہے۔
جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ حماس کے دہشتگردوں کی کارروائیاں اس حق کوچھین نہیں سکتیں، فلسطینیوں کی زندگی کے المناک نقصان سے دل شکستہ ہوں تاہم غزہ اسپتال میں ہونے والا دھماکا اسرائیلیوں نے نہیں کیا تھا، ہم معصوم فلسطینیوں کو نظر انداز نہیں کرسکتے جو صرف امن کے ساتھ رہناچاہتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ حماس اور پیوٹن مختلف خطرات کی نمائندگی کرتے ہیں، پڑوسی جمہوریت کو مکمل طور پر ختم کرنےکا ارادہ دونوں میں مشترکہ ہے، حماس کا مقصد اسرائیلی ریاست کی تباہی اور یہودیوں کا قتل ہے جب کہ حماس فلسطینی عوام کی نمائندگی نہیں کرتی بلکہ فلسطینی شہریوں کو انسانی ڈھال کےطورپراستعمال کرتی ہے، اس کی وجہ سے بےگناہ فلسطینی خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی دفاعی صلاحیت کو مزید بہتر بنانےکے لیےکانگریس سے بل پاس کرنےکاکہا ہے اور اسرائیل سے بھی کہا ہے کہ جنگی قوانین کے مطابق چلے، شہریوں کی ہرممکن حفاظت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کو خوراک، پانی اور ادویات کی فوری ضرورت ہے، غزہ میں فلسطینی شہریوں کے لیے انسانی امداد کی پہلی کھیپ کےلیے معاہدہ کیاگیا ہے، اگر حماس چوری نہ کرے تو فلسطینیوں کے لیے امداد کی مسلسل فراہمی کا ایک کھلاراستہ فراہم کریں گے۔