غزہ میں اسپتال پر حملہ: امریکا شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے واضح طورپرکھڑا ہے، جوبائیڈن
واشگنٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ غزہ میں اسپتال پر حملے اور ہولناک جانی نقصان پر غمزدہ ہوں، اسپتال پرحملےکی خبرسنتے ہی اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور اسرائیل کےوزیراعظم سےبات کی۔
جوبائیڈن نے کہاکہ امریکی قومی سلامتی ٹیم کو غزہ میں اسپتال حملےکی معلومات لینےکی ہدایت کی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا تنازعات کے دوران شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے واضح طورپرکھڑا ہے، ہم اس سانحے میں جاں بحق یا زخمی مریضوں، طبی عملے اور دیگربےگناہوں کے لیے سوگوار ہیں۔
واضح رہےکہ اسرائیل فوج نے غزہ پر وحشیانہ بمباری کرتے ہوئے اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 500 سے زائد ہے جب کہ عالمی رہنماؤں کی جانب سے اس حملے کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔
اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3500 سے متجاوز
غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3500 سے زیادہ ہوگئی ہے۔
فسلطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 12 ہزار 500 افراد زخمی ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں میں 1000 سے زائد بچے اور ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔