ورلڈکپ: نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی
آئی سی سی ورلڈکپ کے 11 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کا 246 رنز کا ہدف 42.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ڈیرل مچل 89،کپتان کین ولیمسن 78 اور ڈیون کونوے نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔
کیویز کی ایونٹ میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے جس کے بعد وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں۔
نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں انگلینڈ اور دوسرے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دی تھی۔
چنئی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بنگلادیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی اننگز
بنگلادیش کی جانب سے اننگز کا آغاز لٹن داس اور تنزید حسن نے کیا تاہم میچ کی پہلی ہی گیند پر وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس میٹ ہینری کو کیچ دے بیٹھےاور بغیر کوئی رنز کیے پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیش کی دوسری وکٹ اوپننگ بیٹرتنزید حسن کی گری جب تنزید 16 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد مہدی حسن میراز 46 گیندوں پر 30 رنز، پھر نجم الحسن شنتو 7 اور کپتان شکیب الحسن 40 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
مشفیق الرحیم اور محمود اللہ نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں جس کی بدولت بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔
مشفیق الرحیم 66 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ محمود اللہ 41 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن نے تین، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
بنگلادیش کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوا، 12 کے مجموعی اسکور پر رچن رویندرا 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ایک وکٹ گرنے کے بعد کپتان کین ولیمسن اور ڈیون کونوے نے شاندار بیٹنگ کی اور اسکور 92 رنز تک پہنچایا تاہم پھر کونوے 45 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جنکہ ولیمسن 78 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔
ایسے میں ڈیرل مچل نے شاندار اسٹروکس لگائے اور 89 رنز کی ناقابل شکست اننگر کھیل کر کیویز کو ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی دلوادی۔
اس کے علاوہ گلین فلپس 16 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔