اسرائیلی وزیراعظم کے غزہ خالی کرنے کے مطالبے پر روسی صدر کا سخت رد عمل

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی جانب سے فلسطینیوں سےغزہ خالی کرنے کےمطالبے پر روسی صدر کا سخت ردعمل سامنے آگیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے مطالبے پر اپنے ردعمل میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ غزہ فلسطین کی تاریخی سرزمین کا حصہ ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ فلسطینیوں کی زمین ہے جہاں انہیں رہنا ہے۔

صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کوغزہ پٹی سے نکل کر مصر کے علاقے سنیائی جانے کا کہنے سے امن نہیں آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ سمیت آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جانی ہے

خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے فلسطینیوں کو غزہ خالی کرنے کی وارننگ دی تھی۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا تھا کہ حماس سے بدلہ لیں گے، اسرائیل ہر جگہ بھرپور طاقت کا استعمال کرے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم نےدھمکی دی کہ یہ جنگ طویل اور مشکل ہوگی، فلسطینی غزہ کو خالی کردیں۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پورے اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل میں جو ہفتے کو ہوا وہ کبھی نہیں ہوا تھا، یہ اسرائیلیوں پربہت مشکل دن گزرا ہے، یقینی بنایا جائے گا کہ ایسا اب کبھی نہ ہوسکے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے تسلیم کیا کہ اس فتح کی قیمت برداشت کرنا آسان نہیں، یہ جنگ طویل اور سخت ہوگی مگر بدلہ لیں گے اور جنگ جیتیں گے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ جن اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا گیا ہے ان کے تحفظ کی ذمہ دار حماس ہوگی، کسی کا بال بھی بیکا ہوا تو حساب لیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *