جوبائیڈن سے نائب صدارت کے دور کی خفیہ دستاویزات کے حوالے سے پوچھ گچھ
واشنگٹن: دفتر سے خفیہ دستاویزات برآمد ہونے پر امریکی صدر جو بائیڈن سے پوچھ گچھ کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کے 2017 میں نائب صدر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد ان کے نجی دفتر اور گھر سے خفیہ دستاویزات برآمد ہوئی تھیں۔
بتایا جارہا ہے کہ اسپیشل کونسل نے صدر بائیڈن کا اتوار اور پیر کو وائٹ ہاؤس میں انٹرویو لیا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہےکہ صدر جو بائیڈن پر کسی جرم کا الزام نہیں لگایا گیا ہے اور تفتیشی افسر کی جانب سے صدر کا لیا گیا انٹرویو کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔
جو بائیڈن سے یہ تحقیقات ‘ہر’ نامی تفتیشی افسر نے کی جسے امریکی اٹارنی جنرل نے تحقیقات کی قیادت کے لیے منتخب کیا تھا جب کہ تفتیشی افسر نے سابق صدر ٹرمپ سے بھی گھر سے ملنے والی خفیہ دستاویزات کے حوالے سے تحقیقات کی تھیں۔
امریکی وکلا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خفیہ دستاویزات کی پہلی کھیپ 2 نومبر کو واشنگٹن ڈی سی میں صدر کے قائم کردہ تھنک ٹینک پین بائیڈن سینٹر سے ملی تھیں جب کہ ریکارڈ کی دوسری کھیپ 20 دسمبر کو صدر کے ولیمنگٹن کے گھر کے گیراج سے ملی تھیں، ایک اور دستاویز 12 جنوری کو گھر میں اسٹوریج کی جگہ سے ملی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دستاویزات ملنے کے بعد صدر جوبائیڈن نے اپنی ٹیم کو ان دستاویزات کو قومی آرکائیو اور محکمہ انصاف کے حوالے کرنے کا کہا تاہم یہ واضح نہیں کہ صدر بائیڈن نے ان دستاویزات کو کیوں رکھا۔