اسرائیل نے ایک بار پھر خودکو مغربی سامراجیت کی چوکی ثابت کر دیا: خواجہ آصف
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے فلسطینی اور اسرائیل میں جاری کشیدگی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ مغربی سامراجیت کی چوکی ہے۔
سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے لکھا کہ اسرائیل نسل پرست ریاست ہے جو فلسطینی عوام کو ختم کرنےکا تہیہ کیے ہوئے ہے۔
انھوں نے کہا کہ امن کیلئے لازم ہے فلسطین کی 1967 کی پہلےکی سرحدوں کو بحال کیا جائے۔
خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ فلسطینیوں نے آزادی کے حق اور اپنی سرزمین پر امن سے رہنےکا حق استعمال کیا ہے۔
واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملوں میں سینئر فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی جب کہ 1800سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
اس کے علاوہ عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس کے حملوں میں 200 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔