ورلڈکپ: بنگلا دیش نے افغانستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دیدی

بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔

بنگال ٹائیگرز نے157رنزکا ہدف 35ویں اوور میں حاصل کرلیا، بنگلادیش کے نجم الحسین شنتو 59 رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیل کرنمایاں رہے۔

بنگلادیش کی اننگز:

بنگلادیش کے نجم الحسین شنتو نے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے، مہدی حسن میرازنے 57 ، لٹن داس نے 13، شکیب الحسن نے 14 اور تنزید حسن نے 5 رنز بنائے۔

افغانستان کے فضل الحق فاروقی، نوین الحق اور عظمت اللہ عمرزئی کو ایک ایک وکٹ ملی

افغانستان کی اننگز:

افغانستان کی جانب سے اوپنر رحمان اللہ گرباز 47 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، اس کے علاوہ ابراہیم زدران نے 22، رحمت شاہ اور حشمت اللہ شہیدی نے 18،18 اور عظمت اللہ عمرزئی نے 22 رنز بنائے۔

نجیب اللہ زدران 5 اور محمد نبی 6 رنز بناکر پویلین لوٹے، راشد خان نے 9 اور مجیب الرحمان ایک رن ہی بناسکے۔ اس کے علاوہ نوین الحق اور فضل فاروقی کے حصے میں ایک بھی رن نہ آسکا۔

بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن اور مہدی حسن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے علاوہ شرف الاسلام نے دو اور تسکین احمد، مستفیظ الرحمان نے ایک ایک وکٹ لی۔

بنگلادیش نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، یہ میچ ریاست ہماچل پردیش کے شہر دھرمشالا کے ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ ہمیں اچھا پرفارم کرنا ہے۔

افغانستان کے کپتان حشمت اللہ نے کہا کہ ہم بھارت میں ہیں اور پرجوش ہیں، آئی پی ایل کھیلنے کا ہمیں اس میچ میں بہت فائدہ ہوگا، بھارت ایک طرح سے ہمارا ہوم گراؤنڈ ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ میں آج کے دن کا دوسرا میچ جنوبی افریقا اور سری لنکا کے درمیان نئی دہلی میں کھیلا جارہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *