جیل میں عمران خان کے تحفظ کی درخواست: جو عدالت کرسکتی ہے آرڈر کردونگا، جسٹس عامر فاروق
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے جیل میں تحفظ سے متعلق بشریٰ بی بی کی درخواست پر نوٹس جاری کردیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپنے شوہرکی جیل میں سکیورٹی اور تحفظ کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں بشریٰ بی بی کی جانب سے لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔
لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت دی جائے ، ان کو جس سیل میں رکھا گیا وہاں نماز بھی بمشکل ادا کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ رہی ہے جو بھی صدر یا وزیراعظم بنے بعد میں اڈیالہ اور اٹک جیل کا مہمان بنتا ہے۔
لطیف کھوسہ کے دلائل پر چیف جسٹس نے کہا کہ جو گنجائش ہے اور جو کچھ عدالت کرسکتی ہے تو اس پرمیں آرڈرکردوں گا۔
بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔