نواز شریف کسی ڈیل کے تحت واپس نہیں آرہے: رانا ثنااللہ
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما راناثنااللہ نے کہا ہےکہ جب پاکستان پر مشکل وقت آیا رہنمائی کے لیے نواز شریف سامنے آئے اور وہ نہ ڈیل کے تحت گئے نہ ڈیل کے تحت واپس آرہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان کو اس آزمودہ لیڈر کی ضرورت ہے جو ملک کو مشکلات سے باہر نکالے اس لیے مسلم لیگ (ن) کی درخواست پر نوازشریف جماعت کو لیڈ کرنے آرہے ہیں، وہ 21 اکتوبر کو وطن آرہے ہیں، مینار پاکستان پر استقبال اور خطاب ہوگا، ملک بھر سے لوگ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پہنچیں گے ، لاہور نواز شریف اور ملک بھر سے آنے والےلوگوں کی میزبانی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو امید کو یقین میں بدلنے کے راستے کا تعین کریں گے، وہ 21 اکتوبر کو شام ساڑھے 5 بجے لاہور پہنچیں گے، ان کی حفاظتی ضمانت کے لیے قانونی ٹیم نے تیاری مکمل کرلی ہے، نواز شریف حفاظتی ضمانت لے کر عدالت کے سامنے سرنڈر کریں گے، ہم اشاروں پر یقین نہیں رکھتے ، نواز شریف بے گناہ ہیں ریلیف مل جائےگا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نہ ڈیل کے تحت گئے نہ ڈیل کے تحت واپس آرہے ہیں، جب پاکستان پر مشکل وقت آیا، رہنمائی کے لیے نواز شریف سامنے آئے، مسلم امہ کو ایٹمی طاقت کے حصول کا چیلنج درپیش تھا تو نواز شریف نے قوم کو سرخرو کیا، پوری دنیا ایک طرف تھی لیکن نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے پاکستان کا تجربہ نہ کیا جاتا تو سی پیک 2022 میں مکمل ہوچکا ہوتا، یہ تجربہ نہ ہوتا تو پاکستان جی 20 کی لسٹ میں آچکا ہوتا، آج معاشی طور پر ہم اس وقت تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں، اس فتنے کی حکومت نہ ہٹاتے تو اپریل 2022 میں ہم ڈیفالٹ کرجاتے۔
لیگی رہنما کاکہنا تھا کہ (ن) لیگ اپنے بیانیے سے پیچھے نہیں ہٹی یہ تاثر بے بنیاد ہے، جنہوں نے ہمارے خلاف کارروائی کی، فکر نہ کریں وقت آنے پر تمام معاملے سیٹیل ہوں گے جب کہ ہم نے کسی پر مقدمہ نہیں بنایا، کوئی جیل میں ہے تو اپنی حرکتوں کی وجہ سے ہے، 9 مئی کو سازش کے تحت پاکستان کے دفاع پر حملہ کیا گیا، اگر یہ لوگ 9 مئی کو کامیاب ہوجاتے تو تباہ کن اثرات ہوتے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے وقت میں کمی ہماری تجویز اور مطالبہ تھا، پیپلزپارٹی نے پنجاب میں ہمارے مخالف ووٹرز کو متوجہ کرنا ہے اس لیے پیپلزپارٹی نے ہمارے خلاف ہی بات کرنی ہے۔