جو حالات ہیں ان میں تمام سیاستدانوں کو حفاظتی ضمانت کرالینی چاہیے، پرویزالٰہی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویزالٰہی کا کہا ہے کہ ملک کے جو حالات ہیں تمام سیاستدانوں کو انتخابات سے قبل حفاظتی ضمانت کرالینی چاہیے۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے بتایا کہ جیل کا کھانا دیا جاتا ہے جس سے طبیعت ناساز رہتی ہے، پہلے ڈاکٹر کی سہولت میسر تھی، اب ان کو اس میں بھی مسائل نظر آنے لگے۔
مہنگائی پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج مہنگائی سے عام آدمی ختم ہوچکا ہے جب کہ بجلی مہنگی ہونے کے اصل ذمہ دار نواز شریف اور شہباز شریف ہیں۔
پی ٹی آئی صدر کا کہنا تھا کہ عام انتخابات نہ ہونے سے ملک کا نظام رکا ہوا ہے، جو حالات ہیں تمام سیاستدانوں کو انتخابات سے قبل حفاظتی ضمانت کرالینی چاہیے۔
ایک صحافی نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سے انتخابات سے قبل ان کی رہائی کے حوالے سے پوچھا جس پر پرویزالٰہی نے کہا کہ میری رہائی کی بات اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے بیک ڈور مذاکرات پرکچھ نہیں کہہ سکتا، چوہدری شجاعت سے دوبارہ ملاقات ہوئی۔
ایک سوال کے جواب میں پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سننے میں یہ بھی آرہا ہے کہ نوازشریف کی ملک واپسی کی تاریخ بدل رہی ہے، نوازشریف تو خود بھی بدل سا گیا ہے۔