شاہد خاقان، ڈاکٹر عاصم اور مصطفیٰ کمال سمیت دیگر کے ریفرنسز احتساب عدالت پہنچا دیے گئے
کراچی کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم اور سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال سمیت دیگر کے خلاف نیب ریفرنس واپس پہنچا دیے گئے ہیں۔
نیب قوانین میں ترامیم کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد احتساب عدالت سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجا گیا تھا، اس کے علاوہ ڈاکٹر عاصم حسین، ایم کیو ایم رہنما مصطفی کمال، سابق چیئرمین اسٹیل مل معین آفتاب شیخ، ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کا ریفرنس بھی واپس بھیجا گیا تھا۔
سابق سیکرٹری بدر جمیل میندھرو اور سابق ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس سمیت دیگرکے ریفرنس بھی واپس بھیجے گئے تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کراچی کی احتساب عدالت کو شاہد خاقان عباسی، ڈاکٹر عاصم حسین اور رؤف صدیقی سمیت دیگر افراد کے ریفرنس دوبارہ موصول ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کے خلاف ریفرنس واپس نیب کورٹ کو موصول پو گیا ہے۔
نیب ذرائع کا بتانا ہے کہ عبدالحفیظ شیخ کے خلاف قومی خزانے کو 11.1 ملین ڈالر کا نقصان پہنچانے اور پورٹ قاسم سمیت دیگر پورٹس کیلئے سافٹ ویئر کی تیاری کی مد میں کرپشن لینے کا الزام ہے۔
یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے اپنی ریٹائرمنٹ سے ایک روز قبل یعنی 15 ستمبر کو پارلیمنٹ سے منظور شدہ نیب ترامیم کے قانون کو کالعدم قرار دیتے ہوئے سیاستدانوں اور عوامی نمائندوں کے خلاف کیسز دوبارہ کھولنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد جن سیاستدانوں کے خلاف کرپشن کے کیسز دوبارہ بحال ہوں گے ان میں سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف، راجا پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی، شوکت عزیز اور شہباز شریف سمیت دیگر سیاستدان بھی شامل ہیں۔