اسمارٹ فون بیٹری کی زندگی بڑھانے کے لیے گوگل کی تجویز کردہ بہترین ٹِرکس
موجودہ عہد میں اسمارٹ فونز کے ڈسپلے زیادہ بڑے ہوچکے ہیں جبکہ متعدد ایسے فیچرز ڈیوائسز میں موجود ہوتے ہیں جن کو بہت زیادہ پاور کی ضرورت ہوتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو دن میں ایک سے زیادہ بار فون کو چارج کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
درحقیقت بیٹری کے جلد ختم ہونے سے لوگوں کو بہت زیادہ جھنجھلاہٹ ہوتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ لوگوں کی پریشانی کو محسوس کرتے ہوئے گوگل کی جانب سے اس حوالے سے چند بہترین ٹِرکس بتائی گئی ہیں۔
گوگل وہ کمپنی ہے جس نے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم تیار کیا جس پر کام کرنے والے اسمارٹ فونز کو ہی زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔
ان فیچرز یا ٹپس کے بارے میں جان کر آپ اپنے فون کی بیٹری لائف کو بہتر بناسکتے ہیں۔
اسکرین کو جلد ٹرن آف کریں
گوگل کا مشورہ ہے کہ اسکرین کو جلد ٹرن آف کریں، یعنی فون کی اسکرین کے خودکار طور پر سلیپ موڈ پر جانے کا دورانیہ کم از کم رکھیں۔
فون کی اسکرین جتنی زیادہ دیر تک آن رہے گی بیٹری لائف اتنی زیادہ استعمال ہوگی۔
آپ فون سیٹنگز میں جاکر اس کا وقت کم از کم کرسکتے ہیں عام طور پر یہ دورانیہ 15 سیکنڈ سے 10 منٹ تک ہوتا ہے، تو ڈسپلے سیٹنگز میں جاکر اسے 15 سیکنڈ کردیں۔
اسکرین برائٹنس کم کریں
اسمارٹ فونز کے ڈسپلے اب کافی بڑے ہوتے ہیں اور ان کی روشنی بیٹری کو زیادہ تیزی سے ختم کرتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ فون کے استعمال کے دوران برائٹنس کم رکھنے کی کوشش کریں، کیونکہ ڈسپلے جتنا زیادہ برائٹ ہوگا، بیٹری اتنی زیادہ جلدی ختم ہوگی۔
برائٹنس کو آٹومیٹک کر دیں
گوگل کی جانب سے یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ اسکرین برائٹنس کو آٹومیٹک کر دیں، جس کے بعد فون کی اسکرین اردگرد کے ماحول کے مطابق خود کو ایڈجسٹ کرے گی۔
کی بورڈ ساؤنڈز یا وائبریشن کو ٹرن آف کر دیں
گوگل نے کی بورڈ ساؤنڈز اور وائبریشنز کو بھی ڈس ایبل کرنے کا مشورہ دیا ہے، اس سے بھی بیٹری پاور کو بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔
جب آپ اسمارٹ فون کے کی بورڈ پر کچھ ٹائپ کرتے ہیں تو ہر بار کی (key) پریس کرنے پر آوازیں یا وائبریشن کا اخراج ہوتا ہے جس سے ڈیوائس کا ہیپٹک ڈیوائس میکنزم متحرک ہوتا ہے۔
اس میکنزم کو اپنے کام کے لیے توانائی کی ضرورت ہوتی ہے جس کے باعث بیٹری جلد ختم ہونے لگتی ہے۔
بہت زیادہ بیٹری خرچ کرنے والی ایپس کو محدود کریں
گوگل کی جانب سے مشورہ دیا گیا ہے کہ ان ایپس کو شناخت کریں جو بہت زیادہ بیٹری پاور استعمال کرتی ہیں اور ان کے افعال کو محدود کیا جائے۔
مخصوص ایپس کے لیے پاور optimization موڈ کو سلیکٹ کرکے انہیں پس منظر میں کام کرنے سے روکنا ممکن ہوتا ہے جس سے بیٹری کی زندگی بڑھتی ہے۔
اڈاپٹو بیٹری فیچر کو استعمال کریں
یہ فیچر بنیادی طور پر ڈیوائس کی توانائی خرچ کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس سے فون کو یہ جاننے کا موقع ملتا ہے کہ آپ ڈیوائس کو کیسے استعمال کرتے ہیں اور وہ اس کے مطابق اپنے رویے کو ایڈجسٹ کرتا ہے۔
بیکار اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیں
گوگل کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائس سے منسلک ایسے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیں جن کو آپ استعمال نہیں کرتے۔
بیشتر صارفین کے ای میل، سوشل میڈیا اور دیگر سروسز کے متعدد اکاؤنٹس ہوتے ہیں جو اسمارٹ فون سے منسلک ہوتے ہیں۔
یہ اکاؤنٹس ڈیٹا کو sync کرنے کے لیے مسلسل اپ ڈیٹ ہوتے رہتے ہیں جس سے بیٹری کی زندگی گھٹ جاتی ہے۔