روسی صدر نے شمالی کوریا کے سربراہ کو دورے سے واپسی پر اہم تحائف دے دیے
روسی صدر پیوٹن نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کو روس کا دورہ ختم کرکے واپس جاتے ہوئے انتہائی اہم تحائف پیش کردیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی صدر کی جانب سے کم جونگ ان کو پانچ آتشگیر کامیکاز ڈرونز کا تحفہ پیش کیا۔
چین اور شمالی کوریا کی سرحدوں سے ملحقہ روسی علاقے کے مقامی گورنر نے شمالی کوریا کے سربراہ کو صدر پیوٹن کی جانب سے خیر سگالی کے طور پر ایک گیران 25 ری کونسینس ڈرون اور بلٹ پروف جیکٹوں کا سیٹ بھی تحفے کے طور پر پیش کیا۔
روسی گورنر نے کم جونگ ان کو ایسا لباس بھی بطور تحفہ پیش کیا جو تھرمل کیمروں پر ظاہر نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان منگل کے روز اپنی خصوصی بلٹ پروف ٹرین کے ذریعے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ روس کے دورے پر پہنچے تھے۔
کورونا وبا کے بعد شمالی کوریا کے سربراہ کا کسی بھی ملک کا یہ پہلا دورہ تھا، اپنے دورے کے موقع پر انہوں نے روسی صدر کو شمالی کوریا کے دورے کی دعوت بھی پیش کی جسے صدر پیوٹن نے قبول کر لیا تھا۔