شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ پیوٹن سے ملنے بلٹ ٹرین پر روس پہنچ گئے
شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن روسی صدر پیوٹن سے ملنے روس پہنچ گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اپنی لگژری اور بلٹ پروف آرمرڈ ٹرین میں سوارہوکر روس میں داخل ہوئے، ان کے ہمراہ شمالی کورین فوج کی اعلیٰ قیادت بھی موجود ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ کم جونگ کے ہمراہ فوجی قیادت کی موجودگی سے یہ امکان ظاہر ہوتا ہے کہ روس اور شمالی کوریا کے درمیان ہتھیاروں کی ڈیل ہوسکتی ہے تاہم مغربی ممالک دونوں ممالک کی اس متوقع ڈیل پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں جسے روس یوکرین جنگ کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے دورہ روس کے دوران روسی صدر نے اسپیس سینٹر کے دورے کا اعلان کیا ہے اور توقع ہےکہ وہ کم جونگ کو ساتھ لے کر اس اسپیس سینٹر کا دورہ کریں گے تاہم اب تک یہ بات واضح نہیں ہوسکی ہےکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات یہاں ہوگی یا نہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ کم جونگ اور پیوٹن کے درمیان بات چیت کا مقصد انسانی امداد ہے کیونکہ شمالی کوریا کو خوراک اور ادویات جیسی بنیادی ضروریات کی قلت کا سامنا ہے جس کی ایک اہم وجہ یہ ہےکہ شمالی کوریا کی حکومت نے کورونا وبا کے بعد 2020 میں اپنی سرحدوں کو سیل کردیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہےکہ شمالی کوریا کے سربراہ کے دورہ روس کے دوران اسپیس سینٹر پر رکنا انتہائی اہم ہوگا کیونکہ شمالی کوریا روس سے اسپیس پروگرام میں مدد لینا چاہتا ہے۔