جاپان کے اسکولوں میں اب غیر حاضر بچوں کی جگہ روبوٹ کلاس لیں گے
جاپان میں اسکول سے غیر حاضر بچوں کے لیے روبوٹس پیش کیے جائیں گے جو ان کی جگہ کلاس میں بیٹھیں گے اور اپنے اندر موجود کیمرے کی مدد سے گھر میں بیٹھے بچے کو کلاس کی سرگرمیاں دکھائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ روبوٹس جاپان کے جنوب مغرب میں واقع شہر کیوماموٹو کے اسکولوں میں نومبر میں لائے جائیں گے جو مائیکروفون، اسپیکر، کیمروں سے لیس ہوں گے اور اس پر دو طرفہ رابطے کی سہولت بھی ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق یہاں کے ایک اسکول کا کہنا ہے کہ جو بچے بیماری، ٹیچر کے رویے یا ساتھی طالب علموں کے رویوں سے دلبرداشتہ ہوکر اسکول سے غیر حاضر ہوجاتے ہیں، ان کی جگہ کلاس میں روبوٹس ہوں گے۔
اسکول حکام کے مطابق ان روبوٹس کا مقصد یہ ہے کہ بچوں کی تعلیم کا کوئی حرج نہ ہو اور پھر بچہ جو چاہے سوال گھر بیٹھے ٹیچر سے کرسکے گا۔
اگر ہم اس روبوٹ کی بناوٹ کی بات کریں تو اس کی اونچائی تین فٹ تک ہوگی جو پہیوں کی مدد سے حرکت کرسکے گا۔
اسکول حکام کے مطابق یہ ایک طرح سے بچے کی نمائندگی کرے گا جسے ساتھی طالب علم جہاں مرضی چاہیں اپنے ساتھ دھکیل کر لے جاسکیں گے اور یہ روبوٹس بچے کی نمائندگی کرتے ہوئے کسی اسکول کی تقریب میں بھی جاسکیں گے جب کہ بچہ خود گھر بیٹھے اس سے محظوظ ہوگا۔
جاپان کے تعلیمی بورڈ نے حالیہ برسوں میں اسکول سے بچوں کے غیر حاضر رہنے کی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا، بچوں کے اسکول سے غیر حاضر ہونے کا رجحان عالمی وبا کورونا وائرس کے بعد زیادہ شدت اختیار کرگیا تھا۔