نگران حکومت بجلی کی قیمتوں میں 20 روپے تک فوری کمی کرے: سابق وزیر توانائی سندھ کا مطالبہ
کراچی: سابق وزیرتوانائی سندھ امتیازشیخ نے بجلی کےبلوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام بجلی کےمہنگے بل بھرنے کی سکت نہیں رکھتے لہٰذا نگران حکومت فوری طور پر بجلی کی قیمتوں میں 15 سے 20 روپے تک کمی کرے۔
ایک بیان میں امتیاز شیخ نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں ہو شربا اضافے پر عوامی احتجاج تشویش ناک ہے،گھریلو صارفین کیلئے ریلیف کی حد 200 یونٹ سے بڑھا کر 300 یونٹ کی جائے جب کہ افسر شاہی اور سرکاری ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت ختم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام بجلی کے مہنگے بل اور آئی ایم ایف سے معاہدے کا مزید بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں رکھتے لہٰذا نگران حکومت فوری طور پر بجلی کی قیمتوں میں 15 سے 20 روپے تک کمی کرے۔
سابق وزیرتوانائی کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کو فوری واپس لیا جائے، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت ماضی میں بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر تنقیدکرتی رہی ہے۔
واضح رہے کہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں پر پاکستان بھر میں عوام مسلسل سراپا احتجاج ہیں، عوام کی جانب سے ناصرف بجلی کے بلوں کو نذر آتش کیا گیا بلکہ حکومت سے ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔