وزیراعظم نے بجلی کے بھاری بلوں کا نوٹس لے لیا، ہنگامی اجلاس طلب
اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
بجلی کے بلوں میں اضافے پر شہریوں کا صبر جواب دے گیا اور گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئی۔
راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالا، پشاور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شہریوں نے احتجاجاً بل جلائے اور دھرنا بھی دیا۔
بجلی کے بل زیادہ آنے کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے اور مظاہرین کی بڑی تعداد نے بجلی کے بل جلا دیے۔ عام شہریوں کے علاوہ شیخوپورہ میں وکیلوں نے بھی احتجاج کے دوران بجلی کے بل جلا ڈالے۔
اب اس معاملے کا نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نوٹس لے لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بجلی کے بھاری بِلوں کے معاملے پر کل وزیراعظم ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں سے بریفنگ لی جائے گی، صارفین کو بجلی بِلوں سے متعلق زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر مشاورت کی جائے گی۔