توشہ خانہ میں سزا معطلی کی درخواست: ٹرائل کورٹ نے جو کیا وہ غلط کیا، جسٹس عامر فاروق
اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی عدم پیشی کے باعث عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بینچ نے عمران خان کی سزا معطلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے جب کہ امجد پرویز بیماری کے باعث پیش نہ ہوسکے
امجد پرویز کے معاون وکیل نے عدالت سے کہا کہ پچھلے 8 ماہ سے ہم نے التوا نہیں مانگا، ڈاکٹر نے بیڈ ریسٹ تجویز کیا اور میرا وکالت نامہ اس کیس میں نہیں
اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سزا معطلی کی درخواست اب کروشل اسٹیج پر ہے، 15 سے 20 منٹ میں دلائل مکمل ہوجانے تھے، جمعہ کو ڈی بی نہیں تھی، ہم کیس کو پیر تک ملتوی کرسکتے تھے مگر نہیں کیا، ہم بھی ٹرائل کورٹ والا کام کر سکتے ہیں مگر ایسا نہیں کریں گے، ٹرائل کورٹ نے جو کیا وہ غلط کیا، ہم اس کو پیر تک ملتوی کرتے ہیں اور اگر کوئی نا بھی آیا تو فیصلہ کردیں گے۔
اس دوران عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ایک شخص 20 روز سے جیل میں ہے، پھر چیئرمین پی ٹی آئی کو مزید تین دن اندر رکھیں گے؟ پھر ہم عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، آپ نے جو کرنا ہے کریں۔
بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ کی التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔