ویگنر گروپ کے سربراہ کی موت کے پیچھے پیوٹن کا ہاتھ ہوسکتا ہے: جوبائیڈن
امریکی صدر جوبائیڈن نے روسی ہم منصب پر الزام عائد کیا ہےکہ ویگنر گروپ کے سربراہ کی موت کے پیچھے پیوٹن کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب جوبائیڈن سے روس کی نجی ملیشیا ویگنر گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزن کی طیارہ حادثے میں موت سے متعلق سوال کیا گیا تو امریکی صدر نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہےکہ روسی صدر پیوٹن اس طیارہ حادثے کے پیچھے ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس میں ایسا بہت کچھ نہیں ہوتا جس کے پیچھے پیوٹن نہ ہوں مگر ویگنر گروپ کے سربراہ کے حوالے سے مجھے بہت زیادہ علم نہیں اور نہ مجھے اس کا جواب معلوم ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کو ویگنر گروپ کے سربراہ کی موت کی خبر پر بریفنگ بھی دی گئی۔
دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہےکہ اگر ویگنر گروپ کے سربراہ کی موت درست ہے تو امریکا کو اس بات پر بالکل بھی حیرانی نہیں ہوگی۔
علاوہ ازیں ویگنر گروپ سے وابستہ ایک میڈیا گروپ نے دعویٰ کیا ہےکہ روسی وزارت دفاع کی جانب سے نجی طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔