اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس 49 ہزار کا ہندسہ عبور کرکے 6 سال کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا
کراچی: اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران زبردست تیزی دیکھی جارہی ہے اور مارکیٹ گزشتہ 6 برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
آج جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان رہا اور 100 انڈیکس 579 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 49 ہزار کی سطح عبور کرگیا۔
کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 634 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 49 ہزار 300 کی سطح پر عبور کرکے 49 ہزار 344 پر پہنچ گیا جو گزشتہ 6 سال کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح ہے۔
پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں گزشتہ 5 کاروباری ہفتوں کے دوران تقریبا 8 ہزار سے زائد پوائنٹس یا 20 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر بھی سستا ہوا ہے جہاں ڈالر ایک روپے 38 پیسے سستا ہوکر 288 روپے کا ہوگیا۔