ایلون مسک نے ٹوئٹر کے لوگو کو تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا
اگر آپ ٹوئٹر کے روایتی لوگو (logo) کو پسند کرتے ہیں تو ایک بڑے دھچکے کے لیے تیار ہو جائیں۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں نیلے پرندے کا معروف لوگو اب ماضی کا قصہ بننے جا رہا ہے۔
ایک ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ بہت جلد ہم ٹوئٹر برانڈ اور تمام پرندوں کو خیرباد کہہ دیں گے، اگر ایکس لوگو اچھا ہوا تو وہ آج شب (23 جولائی کی شب) پوسٹ کیا جائے گا اور اسے 24 جولائی کو لائیو کر دیا جائے گا۔
یہ اکتوبر 2022 میں ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد ٹوئٹر کی سب سے بڑی تبدیلی ہوگی۔
اس تبدیلی کے بعد ٹوئٹر ایک خودمختار کمپنی نہیں رہے گی بلکہ اسے ایک نئی کمپنی ایکس کارپوریشن کا حصہ بنا دیا جائے گا۔
اپریل 2023 میں ٹوئٹر کی نئی چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکارینو کی تعیناتی کا اعلان کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ اس پلیٹ فارم کو ایکس میں تبدیل کرنے کے لیے کام کریں گی، جو ایک سپر ایپ ہوگی۔
اکتوبر 2022 میں ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ٹوئٹر کو خریدنے سے ایکس نامی ایوری تھنگ ایپ کی تشکیل کا عمل تیز ہو جائے گا۔
ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایلون مسک نے اس پلیٹ فارم میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں جن میں ٹوئٹر بلیو سروس قابل ذکر ہے۔
انہوں نے ایک ٹوئٹ میں ایکس کی تصویر بھی شیئر کی اور ایک صارف کی جانب سے لوگو کی تبدیلی کا جواب ہاں میں دیتے ہوئے کہا کہ ایسا بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔
خیال رہے کہ اپریل میں عارضی طور پر ٹوئٹر کے روایتی لوگو کو ڈوگی کوائن کے کتے والے لوگو سے تبدیل کیا گیا تھا۔
اسی طرح ایلون مسک طویل عرصے سے ٹوئٹر کو وی چیٹ اور ایسی دیگر سپر ایپس کی طرح بنانے کا خیال ظاہر کر رہے ہیں اور اسی مقصد کے لیے پیمنٹس اور دیگر تبدیلیوں کو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حصہ بنانے پر کام کر رہے ہیں۔