اے سی کا وہ مثالی درجہ حرارت جو کمرہ ٹھنڈا کرنے کے ساتھ بجلی کا بل بھی کم رکھے
دنیا بھر میں درجہ حرارت میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث ائیر کنڈیشنر (اے سی) کا استعمال عام ہوتا جا رہا ہے مگر اے سی کے استعمال سے بجلی کے بل میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔
کیا آپ کو معلوم ہے کہ اے سی کا ایک مخصوص درجہ حرارت کمرے کو ٹھنڈا رکھنے کے ساتھ ساتھ بجلی کے بل کو بھی بہت زیادہ نہیں بڑھنے دیتا۔
جی ہاں واقعی اے سی کے ایک مخصوص درجہ حرارت کو ٹھنڈک کے حصول کے ساتھ ساتھ بجلی کے بل میں اضافے کو کافی حد تک کم رکھنے کے لیے مثالی تصور کیا جاتا ہے۔
ماہرین نے اس بارے میں بتایا ہے کہ موسم گرما کے دوران اے سی کے تھرمو اسٹیٹ کا درجہ حرارت 26 رکھنا بہتر ہوتا ہے، اے سی کا اتنا درجہ حرارت کمرے کو ٹھنڈا رکھنے کے ساتھ ساتھ بجلی کے بل کو بھی زیادہ نہیں بڑھنے دیتا۔
ان کا کہنا تھا کہ دن میں اے سی کا درجہ حرارت 26 رکھنا ٹھیک ہوتا ہے جب کہ رات کو سونے کے وقت اسے کچھ بڑھا دینا بہتر ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق رات میں نیند کے دوران ہمارے جسم کا درجہ حرارت قدرتی طور پر گھٹ جاتا ہے تو اے سی تھرمو اسٹیٹ میں 28 یا 29 درجہ حرارت رکھنے سے بہت زیادہ سردی کا احساس نہیں ہوتا۔
اگر آپ بار بار اے سی کے درجہ حرارت کو اوپر نیچے کرنے کے عادی ہیں تو اس عادت کے نتیجے میں اے سی کو زیادہ وقت تک کام کرنا پڑتا ہے جس کے نتیجے میں بجلی کے بل میں اضافہ ہوتا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اے سی اے تھرمو اسٹیٹ مطلوبہ درجہ حرارت پر پہنچنے کے بعد ہی کمپریسر کو بند کرتا ہے۔