سائفر کا معاملہ: چیئرمین تحریک انصاف پر 100 فیصد آرٹیکل 6 لگ سکتا ہے: وزیر دفاع
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سائفر کے معاملے پر بات چیئرمین تحریک انصاف کی نااہلی تک جا سکتی ہے،ان پر 100 فیصد آرٹیکل 6 لگ سکتا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے گفتگو میں کہا کہ سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا بیان اہم ہے اور ان کے ساتھی وہی باتیں کر رہے ہیں جو ہم کرتے تھے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے ذریعے قومی سلامتی کو کمپرومائز کیا گیا۔
خیال رہے کہ آج سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان 190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب کے سامنے پیش ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اعظم خان نے اپنے بیان میں 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق پہلے سے موجود دستاویزات کی تصدیق کی اور بتایا کہ پیسے کس طرح ادا کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق اعظم خان نے تصدیق کی کہ جو رقم پاکستان کے اکاؤنٹ میں آئی ان سارے معاملات میں وہ عینی شاہد ہیں، انہوں نے بہت چیزوں کو دیکھا ہے، عمران خان بھی اس حوالے سے ہدایات دیتے رہے۔
چند روز قبل اعظم خان نے سائفر سے متعلق مجسٹریٹ کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا جس میں اعظم خان نے کہا تھا کہ سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش تھی۔ اعظم خان نے کہا کہ سائفر کے معاملے پر تمام کابینہ ارکان کو ملوث کیا گیا اور تمام لوگوں کو بتایا گیا کہ سائفر کو کیسے استعمال کیا جاسکتا ہے، سائفر کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، سائفر کو صرف سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، یہ پری پلان ڈرامہ تھا۔