5 دن کے اندر تھریڈز ایپ کے صارفین کی تعداد 10 کروڑ سے زائد ہوگئی

ٹوئٹر کے مقابلے پر متعارف کرائے جانے والی میٹا کی نئی ایپ تھریڈز کے صارفین کی تعداد 5 دن کے اندر 10 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔

ڈیٹا ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق تھریڈز نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹول چیٹ جی پی ٹی کا ریکارڈ توڑ کر سب سے زیادہ تیزی سے 10 کروڑ صارفین بنانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کو 10 کروڑ صارفین کا سنگ میل طے کرنے میں 2 ماہ کا عرصہ لگا تھا جبکہ ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کو ایسا کرنے میں 9 ماہ جبکہ انسٹاگرام کو ڈھائی سال لگے تھے۔

میٹا کی جانب سے تھریڈز کو 5 جولائی کی شب 100 سے زائد ممالک میں ایپل اور اینڈرائیڈ ایپ اسٹورز کے ذریعے متعارف کرایا گیا تھا۔

اس ایپ کو ابھی یورپ میں پیش نہیں کیا گیا کیونکہ میٹا کو خدشہ ہے کہ یورپی یونین کے ڈیٹا پرائیویسی قوانین کے باعث اسے مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ٹوئٹر کے صارفین کی تعداد 20 کروڑ سے زیادہ ہے مگر ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد سے اس کی سروس متاثر ہوئی ہے۔

تھریڈز کو انسٹاگرام سے منسلک کیا گیا ہے جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب کے قریب ہے۔

رپورٹ کے مطابق تھریڈز نے 10 کروڑ صارفین کا سنگ میل 10 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے حاصل کر لیا تھا۔

میٹا نے یہ ایپ اس وقت متعارف کرائی جب ٹوئٹر میں ایسی تبدیلیاں کی گئی تھیں جو صارفین کو زیادہ پسند نہیں آئیں۔

پہلے تو کمپنی کی جانب سے ٹوئٹر پر مواد دیکھنے کے لیے لازمی لاگ ان کی شرط عائد کی گئی۔

اس کے بعد ٹوئٹر صارفین کے لیے مواد دیکھنے کی حد مقرر کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *