مقبولیت میں ٹک ٹاک، چیٹ جی پی ٹی اور انسٹاگرام کو پیچھے چھوڑ دینے والی نئی ایپ

انٹرنیٹ کی دنیا میں ایک نئی ایپ نے صارفین کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے ٹک ٹاک اور انسٹا گرام جیسی مقبول ایپس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

میٹا کی ٹوئٹر کے مقابلے پر متعارف کرائے جانے والی ایپ تھریڈز کو تاریخ میں سب سے زیادہ تیزی سے مقبول ہونے والی ایپ قرار دیا گیا ہے۔

سرچ انجن جرنل کے مطابق انسٹاگرام سے منسلک اس ایپ کے صارفین کی تعداد 9 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔

رپورٹ میں یہ اعداد و شمار انسٹاگرام اکاؤنٹس پر تھریڈز بیج پر نظر آنے والے نمبروں پر مبنی ہیں۔

اس ایپ کو 5 جولائی کو متعارف کرایا گیا تھا اور محض 4 دن میں اس کے صارفین کی تعداد 9 کروڑ تک پہنچ گئی اور ممکنہ طور پر بہت جلد 10 کروڑ کے سنگ میل کو بھی طے کر لے گی۔

اس کے مقابلے میں چیٹ جی پی ٹی کو یہ سنگ میل طے کرنے میں 2 مہینے لگے تھے۔

سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کو یہ سنگ میل حاصل کرنے میں 9 ماہ کا عرصہ لگا جبکہ انسٹاگرام کو 10 کروڑ ماہانہ صارفین کے لیے ڈھائی سال تک انتظار کرنا پڑا۔

ٹوئٹر کے مقابلے پر میٹا کی نئی ایپ میں 24 گھنٹوں میں صارفین کی تعداد کتنی ہوگئی؟

20 سال کے دوران کسی انٹرنیٹ ایپ کے صارفین کی تعداد میں اتنی تیزی سے اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

تھریڈز کو ایلون مسک کی زیرملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لیے سب سے بڑا خطرہ تصور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس ایپ کو ابھی یورپی یونین کے ممالک میں متعارف نہیں کرایا گیا۔

ویسے تو تھریڈز ایک خودمختار ایپ ہے مگر صارفین انسٹا گرام اکاؤنٹ کو اس پر لاگ ان ہونے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں جس کے باعث فوٹو شیئرنگ ایپ کے 2 ارب صارفین کے لیے اسے اپنانا آسان ہے۔

میٹا نے یہ ایپ اس وقت متعارف کرائی جب ٹوئٹر میں ایسی تبدیلیاں کی گئی تھیں جو صارفین کو زیادہ پسند نہیں آئیں۔

پہلے تو کمپنی کی جانب سے ٹوئٹر پر مواد دیکھنے کے لیے لازمی لاگ ان کی شرط عائد کی گئی۔

اس کے بعد ٹوئٹر صارفین کے لیے مواد دیکھنے کی حد مقرر کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *