وزیراعظم شہباز شریف کی تقریب میں جرمن میں گفتگو، غیرملکی مہمان حیران
وزیراعظم شہبازشریف کی نتھیا گلی میں سوئٹزرلینڈ کے ساتھ قدرتی آفات سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر جرمن زبان میں گفتگو، غیرملکی مہمانوں کو حیران کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے غیر ملکی مہمانوں سے جرمن زبان میں خیریت دریافت کی اور اُنہیں علاقے کی تاریخ اور حکومت پاکستان کی طرف سے کیے جانے والے بہتری کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
غیرملکی مہمانوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جرمن زبان پر دسترس کی داد دی۔
وزیراعظم نے مہمانوں کو الوداع کرتے ہوئے بھی جرمن زبان میں کلمات ادا کیے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پردستخط کی تقریب نتھیا گلی میں ہوئی۔
تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں تناؤ نہیں خوشحالی اورامن کا فروغ چاہتا ہے۔
معاہدے سے پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان قدرتی آفات اور ان کے ممکنہ نقصانات کی پیش گوئی، فوری امدادی کارروائیوں اور بحالی کے اقدامات میں تعاون کو فروغ ملے گا۔