انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر آج پھر مہنگا ہوگیا
کراچی: انٹربینک میں گزشتہ روز سستا ہونے والا ڈالر آج پھر مہنگا ہوگیا۔
گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 10 روپے 55 پیسے سستا ہوکر 275 روپے 44 پیسے پر بند ہوا تھا۔ تاہم آج انٹربینک میں ڈالر ایک روپیہ 97 پیسے مہنگا ہوگیا۔
انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 277 روپے 41 پیسے ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ ایک روپیہ اضافے سے 281 روپے ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹینڈ بائے معاہدے کے بعد ڈالر کی قدر میں گزشتہ روز کمی دیکھی گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کو لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) کے ذریعے 9 یقین دہانیاں کرائی ہیں کہ پاکستان مالی سال 2023 کے اختتام کے لیے 4.056 ارب ڈالرز کی موجودہ سطح کے مقابلے مالی سال 2024 کے اختتام تک زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 7.65 ارب ڈالرز تک بڑھانے کیلئے تمام تر اقدامات کرے گا جو بڑھ کر 11.7 ارب ڈالرز ہوجائیں گے۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 12 جولائی 2023 کو واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والا ہے جس میں دستخط شدہ ایل او آئی کے ذریعے 3 ارب ڈالرز کے قلیل مدتی بیل آؤٹ پیکج کی منظوری اور ایک ارب ڈالرز کی قسط جاری کرنے کے لیے پاکستان کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔
یہ ایک ارب ڈالرز کی قسط آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے قرضہ پیکج کی منظوری کے بعد اگلے چند دنوں میں ادا کر دی جائے گی۔ آئی ایم ایف کا عملہ پہلے ہی ایگزیکٹو بورڈ کے ممبران میں ایل او آئی کی کاپیاں بھیج چکا ہے جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور گورنر اسٹیٹ بینک نے مالیاتی اور توانائی کے شعبوں میں اہم اصلاحات کرنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ مالیاتی کھاتوں کی خرابیوں پر قابو پایا جا سکے۔