ذکا اشرف کے ایشیاکپ کے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے پر اے سی سی کا سخت ردعمل
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے لیے مضبوط امیدوار ذکا اشرف کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد اور اسے ناانصافی قرار دیے جانے پر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ردعمل دیا ہے۔
حال ہی میں اے سی سی کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے منظور شدہ ہائبرڈ ماڈل سے متعلق بدھ کے روز پریس کانفرنس میں ذکا اشرف نے کہا میں نے ہائبرڈ ماڈل کو پہلے ہی مسترد کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی دی، پاکستان کو مکمل ایشیاکپ کی میزبانی کرنی چاہیے، اہم میچز باہر ہوں گے اور نیپال، بھوٹان کے میچز پاکستان میں ہوں گے، پاکستان کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل ناانصافی ہے۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق خبر ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) سے گفتگو کرتے ہوئے اے سی سی بورڈ کے ایک رکن نے ذکا اشرف کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے کے بعد بیان دیا۔
اے سی سی کے بورڈ کے رکن نے کہا ‘ذکا اشرف آزاد ہیں، وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں لیکن ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو اے سی سی نے قبول کر لیا ہے اور اب اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی’۔
خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے دو مضبوط امیدوار تھے، مسلم لیگ (ن) نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی دیکھنا چاہتی تھی جب کہ پیپلز پارٹی ذکا اشرف کی حامی تھی۔
تاہم دو روز قبل نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پر بیان کے ذریعے خود کو چیئرمین پی سی بی کی دوڑ سے باہر کر دیا تھا جس کے بعد اب چیئرمین پی سی بی کے لیے مضبوط ترین امیدوار ذکا اشرف ہیں۔