ایشیا کپ کے 4 میچز پاکستان اور 9 سری لنکا میں ہوں گے، ایشین کرکٹ کونسل نے اعلان کر دیا
دبئی: ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2023 کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ایشین کرکٹ کونسل کا کہنا ہےکہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلاجائے گا جس میں ایونٹ کے چار میچز پاکستان اور 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کا مؤقف ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے نہ پاکستان آئے گی نہ امارات میں ایشیا کپ کھیلے گی۔
بھارتی خبر ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے صدر جے شاہ کی سربراہی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کے تجویز کردہ ‘ہائبرڈ ماڈل’ کو تسلیم کرنے کے امکانات ہیں۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے ابتدائی میچ کی میزبانی پاکستان کرے گا جب کہ بقیہ میچز سری لنکا میں کرائے جائیں گے۔
پاکستان ایشیاکپ کے 4 میچز کی میزبانی لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کرے گا ، بقیہ 9 میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے تاہم اگر ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم آتی ہے تو فائنل بھی سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔