تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی لاہور سے گرفتار
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کو گرفتار کر لیا گیا۔
چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور میں ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا، پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی اپنی گاڑی میں جا رہے تھے کہ پولیس نے گاڑی روک کر انہیں گرفتار کیا، اینٹی کرپشن حکام پرویز الٰہی کو دوسری گاڑی میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔
چوہدری پرویز الٰہی کے ترجمان نے بھی سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔
پرویزالٰہی کےخلاف اینٹی کرپشن میں سرکاری ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزام پر مقدمہ درج ہے، ان کیخلاف لاہور کے تھانے میں کار سرکار میں مداخلت اور پولیس پر تشدد کا مقدمہ بھی درج ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کی گرفتاری کے موقع پر ان کے بیٹے راسخ الٰہی بھی موجود تھے۔ چوہدری شجاعت کی بہن سمیرا بی بی بھی پرویز الٰہی کے ساتھ تھیں۔
گرفتاری کے بعد چوہدری پرویز الہیٰ کو اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹرز منتقل کر دیا گیا ہے۔